وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ کی فوری تبدیلی اور چیئرمین نادرا کی برطرفی کے لیے پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط


Faizul Hassan Posted on June 13, 2018

 

لاہور:وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ کی فوری تبدیلی اور چیئرمین نادرا کی برطرفی کے لیے پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے،خط میں کہا گیا ہے کہ غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کا بنیادی فریضہ ہے،تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت اور عوام کی منشاء کی علمبرداری یے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سلطانئ جمہور کیلئے مؤثر اور فوری انتظامات ناگزیر ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کے دیگر لوازمات سے کہیں بڑھ کر لازم ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کروانے والی مشینری (نوکر شاہی) کی تطہیر کرے، تحریک انصاف کی جانب سے نشاندہی کے بعد چاروں چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کے تبادلوں کا فیصلہ قابل قدر ہے،تاہم محض یہ تبادلے ہی انتخابات کی بے داغ شفافیت کیلئے کافی نہیں،انتخابات کی صحت و ساکھ کیلئے کمیشن وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ/ہوم سیکرٹریز کے فوری تبادلوں کیلئے کارروائی کرے، عمدہ ترین ساکھ، تجربے اور پیشہ وارانہ مہارت کے حامل افسران لگائے جائیں، کمیشن چیئرمین نادراکو منصب سے الگ کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے، الیکشن کمیشن سابق حکومت اور بعض حکومتی اداروں کے سربراہان کےمابین تشویشناک گٹھ جوڑ کا بھی سراغ لگائے۔