عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے سردار عثمان بزدار کے نام کی منظوری دیدی


Faizul Hassan Posted on August 17, 2018

اسلام آباد: پنجاب میں وزارت اعلیٰ کا انتخاب اتوار کو ہوگا جس کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے تونسہ سے کامیاب ہونے والے عثمان بزدار کو امیدوار نامزد کردیا جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حمزہ شہباز قائد ایوان کے امیدوار نامزد ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ سردار عثمان جب وزیراعلیٰ بنیں گے تو انہیں پتہ ہو گا کہ اس ملک کے پسیماندہ علاقوں میں لوگوں پر کیا گزرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سردار عثمان وہ واحد ایم پی اے ہے جس کے گھر میں بجلی نہیں ہے، مجھے یقین ہے کہ ایماندار وزیراعلیٰ صوبے کے لیے زبردست کام کرے گا اور ہمارے وژن پر بھی پورا اترے گا۔

اس سے قبل آج صبح عثمان بزدار کو بنی گالہ طلب کیا گیا تھا جہاں پارٹی چیئرمین عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان اہم ملاقات ہوئی اور پنجاب کی وزارت اعلیٰ و سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔