عسکری پارک میں جھولا گرنے کی وجوہات سامنےآگئیں


Faizul Hassan Posted on August 01, 2018

کراچی:عسکری پارک میں جھولا گرنے کے معاملے کی تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ چیف سیکرٹری سندھ کو پیش کردی جس میں بتایاگیا ہے کہ جھولا چین سے درآمد کیا گیا ،جھولا توازن کھو جانے اور غلط فٹنگ کے باعث گرا،جھولا آپریٹ کرنے والے عملے کی کوئی تربیت نہیں تھی، جھولے میں استعمال کردہ مٹیریل ناقص پایا گیا تھا

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نٹ بولڈ صحیح لگائے گئے نہ ہی ویلڈنگ مناسب تھی جس کے ذمہ دار ٹھیکیدار، آپریشنل اور آڈٹ ٹیم ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی نےکہا ہے کہ پارک کھولنے سے قبل تمام جھولوں کی انسپکشن کرائی جائے اور جھولے لگانے اور چلانے سے متعلق ایس او پیز بنائی جائیں۔

یاد رہے کہ 15 جولائی کوپرانی سبزی منڈی کے قریب واقع عسکری پارک میں جھولا گرگیا تھاجس کے نتیجے میں 14 سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ 10 دیگر افراد زخمی ہوگئےتھے۔