عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب، حمزہ شہباز ناکام


Faizul Hassan Posted on August 19, 2018

اسلام آباد: اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی کی زیرصدارت اجلاس کے دوران نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس کے دوران تحریک انصاف کے عثمان بزدار نے 189 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 159 ووٹ حاصل کیے۔

قبل ازیں اجلاس ایک گھنٹہ 15 منٹ تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کے آغاز کا وقت 11 بجے صبح طے کیا گیا تھا جو کہ 12:15 پر شروع ہوا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے تلاوت قرآن مجید کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز کیا۔ ووٹنگ کا عمل خفیہ رائے شماری کی بجائے ڈویژن رائے شماری کا طریقہ اپنایا گیا۔

عثمان بزدار پر تنقید کے بعد وزیراعظم عمران خان کھل کر ان کی حمایت میں آئے اور ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ واضح کر دوں کہ میں عثمان بزدار کے ساتھ کھڑا ہوں، جو ایک باوقار آدمی ہیں اور نئے پاکستان کے حوالے سے میرے نظریے اور تصور کے ساتھ کھڑے ہیں۔